Donate
ARTICLE(URDU)

کیا قیامت صرف خوف کا دن ہے یا اُمید کا بھی۔؟

Author
AUTHOR

:مضمون 37: آخری عدالت ( قیامت کا دن)

بالآخر، ہم خدا کے کلام کے مطابق یہ ایمان رکھتے ہیں کہ جب وہ وقت آ جائے گا جو خداوند نے مقرر کیا ہے (جو تمام مخلوقات پر پوشیدہ ہے)اور جب خدا کے برگزیدہ لوگوں کی تعداد پوری ہو جائے گی، تو ہمارا خداوند یسوع مسیح آسمان سے، اُسی طرح جس طرح وہ  اُوپر  اُٹھایا گیا تھا، جسمانی اور ظاہری صورت میں بڑے جلال اور شان کے ساتھ واپس آئے گا، تاکہ زندوں اور مُردوں کا منصف ٹھہرے۔وہ اس پرانی دنیا کو آگ اور شعلوں سے جلاکر ، اسے پاک اور صاف کر گا۔

پھر تمام انسان، خواہ مرد ہوں، عورتیں یا بچے،  جو دنیا کے آغاز سے لے کر آخِر تک زندہ رہے ہیں، سب کے سب مقرب فرشتہ کی پکار سے خدا کے نرسنگے کی آواز کے ساتھ اُس عظیم منصف کے حضور حاضر کیے جائیں گے۔ جو لوگ اُس وقت سے پہلے مر چکے ہوں گے،  وہ سب مردے خاک میں سے زندہ کیے جائیں گے،اور اُن کی رُوحیں اُن ہی جسموں کے ساتھ دوبارہ مل جائیں گی جن میں وہ زندگی گزار چکے تھے۔اور جو اُس وقت تک زندہ ہوں گے،  وہ دوسروں کی طرح نہیں مریں گے،  بلکہ “پلک جھپکتے ہی” فانی حالت سے غیر فانی حالت میں بدل جائیں گے۔ پھر کتابیں کھولی جائیں گی ( یعنی انسانوں کے دل و ضمیر ) اور مُردوں کا انصاف اُن کے اُنہی کاموں کے مطابق کیا جائے گا  جو اُنہوں نے دنیا میں کیے تھے، چاہے نیک ہوں یا بُرے۔ بے شک، ہر شخص کو اپنے اُن فضول الفاظ کا بھی حساب دینا ہوگا  جو اُس نے بولے تھے، جنہیں دنیا محض مذاق سمجھتی تھی۔ اور اُس وقت سب لوگوں کے چھپے ہوئے راز اور ریاکاریاں سب کے سامنے ظاہر کر دی جائیں گی۔

لہٰذا، یہ عدالت ( قیامت کا دن) بدکار اور بُرے لوگوں کے لیے نہایت خوفناک اور ہولناک ہوگی۔  لیکن راستبازوں اور خدا کے برگزیدوں کے لیے یہ دن نہایت خوشی اور تسلی کا باعث ہوگا،  کیونکہ اُس وقت اُن کی نجات پوری طرح مکمل ہو جائے گی۔ تب وہ اپنے اعمال کے پھل اور اُن مصیبتوں کا صلہ پائیں گے جو  اُنہوں نے سہی تھیں۔  اُن کی بےگناہی سب کے سامنے ظاہر ہوگی، اور وہ اپنی آنکھوں سے دیکھیں گے کہ خدا اُن بُرے لوگوں سے کیسا سخت انتقام لیتا ہے  جنہوں نے اس دنیا میں اُن پر ظلم و ستم ، اذیت اور  جبر کیا تھا۔ بدکار لوگ اپنے ہی ضمیر کی گواہی سے قصوروار ٹھہرائے جائیں گے،اُنہیں شیطان اور اُس کے فرشتوں کے لیے تیار کی گئی ہمیشہ کی آگ میں عذاب کے لیے غیر فانی زندگی دی جائے گی ۔

اس کے برعکس، وفادار اور خدا کے برگزیدوں کو جلال اورعزت کے ساتھ تاج پہنائے جائیں گے۔ خدا کا بیٹا یسوع مسیح اپنے آسمانی باپ اور مقدس چنے ہوئے فرشتوں کے سامنے اُن کے نام  کا  اقرار کرے گا،اُنکی انکھوں کے تمام آنسو پونچھ دے گا،اور اُن کا مقدمہ  جو اُس وقت بہت سے منصف اور حکومتی حکام کے نزدیک بدعتی اور بُرا سمجھا جاتا ہے، خدا کے بیٹے کے مقدمے کے طور پر تسلیم کیا جائے گا۔ اور خداوند اپنے فضل میں  انعام کے طور پر اُنہیں ایسی شان اور جلال عطا کرے گا  جو انسانی دل کبھی تصور بھی نہیں کر سکتا۔

اسی لیے ہم اُس عظیم دن کا بڑی بے صبری سے انتظار کرتے ہیں، تاکہ ہم اپنے خداوند یسوع مسیح میں خدا کے وعدوں کا پورا لطف اُٹھا سکیں۔

بیلجک اقرارِ الایمان (Belgic Confession of Faith)

آرٹیکل 37