Search Reformed By Truth

← Articles

عہدِ فضل کیا ہے؟

Suleman Shahzad
Suleman Shahzad

فضل کا عہد

     اگرچہ ’’فضل کا عہد‘‘ کی مخصوص اصطلاح براہِ راست کلامِ مقدس میں استعمال نہیں ہوئی، مگر اس عہد کا تصور خدا کے 

منصوبے کی بنیاد ہے اور بائبل کی ہر کتاب میں نمایاں طور پر ظاہر ہوتا ہے۔ جیسے اعمال کا عہد خدا نے ہی شروع کیا تھا، ویسے ہی فضل

 کا عہد بھی خدا نے ہی شروع کیا، مگر اس کا فرق یہ ہے کہ یہ گرے ہوئے انسانوں کے ساتھ باندھا گیا۔ یہ عہد ابدی زندگی کا وعدہ کرتا ہے،

 لیکن یہ انسانی کوشش سے نہیں بلکہ خدا کے فضل سے قائم ہے اور یسوع مسیح کے کام کے وسیلے سے پورا ہوتا ہے، جو ’’آخری آدم‘‘ ہے۔

 یسوع کی کامل فرمانبرداری اور قربانی کے طور پر موت اس عہد کے مرکز میں ہے، جو اُسے خدا اور انسان کے درمیان واحد درمیانی (1

 تیمتھیس 2:5) بناتی ہے۔ فضل کے عہد میں نجات مکمل طور پر مسیح کے کام پر منحصر ہے، نہ کہ ہمارے اعمال پر۔

پہلا آدم اگرچہ مخلوقات کی طرح ایک مخلوق ہی تھا، مگر یہ خدا کے فضل سے تھا کہ اُسے تمام جانداروں پر اختیار اور حکومت عطا کی گئی۔

 یہ اختیاری تحفہ آدم کی کسی ذاتی برتری کی وجہ سے نہیں بلکہ خدا کی خودمختار مرضی کے سبب تھا کہ وہ آدم کو زمین کا نگہبان بنائے۔

 خدا نے آدم کو چار بنیادی ذمہ داریاں اور احکام دیے:

  1. باغِ عدن کو سنوارنا اور سرسبز و شاداب رکھنا (پیدائش 2:15)۔

  2. پورے دل، جان، عقل اور طاقت سے خدا سے محبت اور کامل طور پر اُس کی اطاعت کرنا (پیدائش 2:16-17)۔

  3. تمام جانوروں کے نام رکھنے کی ذمہ داری (پیدائش 2:19-20)۔

  4. پھلنا پھولنا اور زمین پر خدا کی بادشاہی (کلیسیا) قائم کرنا۔

مگر آدم خدا سے کامل محبت اور اطاعت کرنے میں ناکام رہا اور اُس کی نافرمانی نے نہ صرف اُس کی اپنی ہلاکت کو جنم دیا بلکہ پوری نسلِ انسانی کو بھی اندھیروں میں گرا دیا۔ جیسا کہ پولُس کہتا ہے: ’’پس جیسے ایک آدمی کے وسیلے سے گناہ دنیا میں آیا اور گناہ کے سبب موت آئی اور یوں موت سب آدمیوں میں پھیل گئی کیونکہ سب نے گناہ کیا‘‘ (رومیوں 5:12)۔ آدم کے گرنے کی جڑ اُس کی محبتوں کے بگاڑ میں تھی: خدا سے محبت نفرت میں اور گناہ سے نفرت محبت میں بدل گئی۔ اس کے نتیجے میں انسان گناہ اور اُس کی خواہشات کا غلام بن گیا (رومیوں 6:17-18)۔ لیکن جب انسان گناہ میں ڈوبا ہوا تھا، خدا نے اپنی خودمختار مرضی سے مداخلت کی تاکہ اپنے لوگوں کو بچائے۔ اپنی عدالت میں اُس نے آدم اور حوا پر موت کی سزا سنائی، مگر یہ سزا بھی دراصل ایک رحمت تھی، کیونکہ اگر وہ ہمیشہ گناہ کی حالت میں زندہ رہتے تو ابدی مصیبت اور خدا سے علیحدگی اُن کا مقدر بنتی۔ خدا نے اپنی رحمت میں فضل کا عہد متعارف کرایا اور انجیلِ مسیح کے ذریعے اُمید کو ظاہر کیا۔ پیدائش 3:21 میں خدا نے آدم اور حوا کے لیے جانوروں کی کھال سے لباس بنایا، جو مسیح کے خون کے وسیلے گناہوں کے ڈھانپنے کی علامت تھی۔ ساتھ ہی یہ وعدہ بھی کیا گیا کہ ’’عورت کی نسل‘‘ (یسوع مسیح) سانپ (ابلیس) کے سر کو کچلے گی (پیدائش 3:15)۔ اس طرح ایک نجات دہندہ کا اعلان ہوا جو گناہ کی لعنت کو مٹا دے گا اور شیطان سے بادشاہی چھین لے گا۔

آخری آدم (یسوع) نے وہ سب کچھ پورا کیا جو پہلا آدم کرنے میں ناکام رہا۔ یسوع نے خدا سے کامل محبت کی، کبھی گناہ نہ کیا اور ہمیشہ اُس کی اطاعت کی (متی 22:37-38؛ 1 پطرس 2:22)۔ اُس نے زمین پر خدا کی بادشاہی قائم کی، اپنی کلیسیا کو تعمیر کیا اور وعدہ کیا کہ جہنم کے دروازے اس پر غالب نہ آئیں گے (متی 16:18)۔ مسیح کے وسیلے سے وہ سب جنہیں خدا نے اپنے فضل سے چُنا ہے، ایمان لاتے ہیں اور اُس کے لوگ بنتے ہیں (اعمال 13:48)۔ بائبل میں بار بار خدا کا یہ وعدہ جھلکتا ہے: ’’میں اُن کا خدا ہوں گا اور وہ میری قوم ہوں گے‘‘ (یرمیاہ 31:33؛ مکاشفہ 21:7)۔ یسوع کی زندگی، موت اور قیامت میں فضل کا عہد اپنی کامل تکمیل کو پہنچا اور خدا کی ابدی بادشاہی کا قیام یقینی ہوا۔

جیسا کہ جان کیلون نے کہا: ’’فضل کا عہد وہ ذریعہ ہے جس کے ذریعے خدا گنہگاروں کو اپنے ساتھ ملاتا ہے۔ یہ انسانی نیکی پر نہیں بلکہ الٰہی رحمت پر مبنی ہے۔ انجیل کوئی نیا قانون نہیں بلکہ مسیح کے وسیلے سے زندگی کا وعدہ ہے۔‘‘ ہرمن باونک کے مطابق: ’’فضل کا عہد، جو مسیح میں قائم کیا گیا، نجات کی پوری تاریخ کی بنیاد ہے۔ اس کے ذریعے خدا وہ کچھ بخشتا ہے جو انسان کما نہیں سکتا: راستبازی، معافی، اور ابدی زندگی۔‘‘